ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / جاٹ تحریک ملتوی ہونے کے باوجود دہلی میں 26جنوری جیسے سیکورٹی انتظامات 

جاٹ تحریک ملتوی ہونے کے باوجود دہلی میں 26جنوری جیسے سیکورٹی انتظامات 

Tue, 21 Mar 2017 11:08:32  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 20؍مارچ (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )جاٹ ریزرویشن تحریک کو ملتوی کئے جانے کے اعلان کے باوجود دہلی میں فی الحال سیکورٹی کے انتظامات چاق و چوبند ہیں ۔ پیر کو دہلی پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے ساتھ ساتھ فوج اور این ایس جی کو بھی ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے، دہلی کی تمام سرحدیں سیل ہیں، باہر کے ریاستوں سے دہلی آنے والوں کو سخت سیکورٹی کے بعد ہی دارالحکومت میں داخلہ مل پارہا ہے۔دہلی میں اتوار کی رات سے مظاہرین کے خطرے سے نمٹنے کے لیے سیکورٹی انتظامات کتنے سخت ہیں ،اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ یوم جمہوریہ 26؍جنوری پر بھی نیم فوجی دستوں کی صرف 100کمپنیاں تعینات کی جاتی ہیں۔خصوصی کمشنر اور دہلی پولیس کے ترجمان دپیندرپاٹھک نے اتوار دیر شام ہیڈکوارٹر میں میڈیا کو دئیے گئے بیان میں کہا تھا کہ تحریک واپس لینے کے اعلان کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ جیسے کہ میٹرو، ریل اور بسوں کی آمدورفت پر سے روک ہٹا لی گئی ہے، جبکہ تحریک روکنے کے لیے دہلی پولیس نے جو سیکورٹی انتظامات کئے ہیں وہ برقرار رہیں گے۔سرحد سے نئی دہلی ضلع تک تین درجے کی سیکورٹی کے انتظامات رہیں گے۔بارڈر پر کئی لیئر بیریکیڈ لگائے گئے ہیں، پہلی بار ایسا دیکھنے کو ملا ہے کہ بیریکیڈ کو مظاہرین پھلانگ نہ پائیں ، اس کے لیے اوپر کی طرف کٹیلی تاریں بھی لگائی گئی ہیں، سبھی سرحد وں پر کرین، فائر بریگیڈ، آنسو گیس کے گولے چھوڑنے والی گاڑیاں اور واٹر کینن کا انتظام کیا گیا ہے ،ساتھ ہی پیرا ملٹری فورسز کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔


Share: